دنیا کی طویل ترین نان سٹاپ پرواز کا اعزاز کس فضائی کمپنی نے اپنے نام کرلیا؟

چین (نیٹ نیوز)اگر آپ کسی طیارے کی 19 گھنٹے کی نان اسٹاپ پرواز پر سفر کرسکتے ہیں تو ایک چینی کمپنی کے ذریعے ایسا ممکن ہے۔شیامین نامی اس فضائی کمپنی کی امریکی شہر نیویارک سے فوڑو تک 19 گھنٹے 20 منٹ کی طویل پرواز نے سنگاپور ائیرلائنز سے طویل ترین نان اسٹاپ پرواز کا ریکارڈ چھین لیا ہے۔یہ پرواز 7077 میل یا 6752 ناٹیکل میل کا فاصلہ طے کرتی ہے۔اس پرواز کا آغاز اکتوبر 2025 میں ہوا اور جیسا اوپر درج کیا جاچکا ہے کہ اس کا دورانیہ 19 گھنٹے 20 منٹ کا ہے۔اس سے قبل دنیا کی طویل ترین پرواز کا اعزاز سنگاپور ائیرلائنز کے پاس تھا جس کی ایک پرواز Newark اور سنگا پور کے چیانگ ایئرپورٹ کے درمیان کا فاصلہ 19 گھنٹے 10 منٹ میں طے کرتی ہے۔اس سے قبل بھی اس کمپنی کی جانب سے 2017 اور 2020 کے درمیان اس روٹ پر پرواز کو آپریٹ کیا گیا اور پھر 2024 میں اسے دوبارہ شروع کیا گیا، مگر طویل ترین نان اسٹاپ پرواز کا ریکارڈ اب قائم کیا گیا ہے۔اتنی طویل پرواز کی وجہ یہ ہے کہ شیامین ائیر کی جانب سے اس روٹ میں روسی فضائی حد کو استعمال نہیں کیا جاتا، جس کی وجہ سے اس کا دورانیہ بڑھ گیا۔طویل ترین نان اسٹاپ پروازیں اب عام ہوتی جا رہی ہیں کیونکہ نئے طیاروں میں زیادہ ایندھن کا ذخیرہ کیا جاسکتا ہے۔چینی کمپنی کی جانب سے اس پرواز کے لیے بوئنگ 787-9 ڈریم لائنر کا استعمال کیا جا رہا ہے۔سنگاپور ائیر لائنز کی جانب سے طویل ترین نان اسٹاپ پرواز کے لیے ائیر بس اے 350-900 یو ایل آر کو استعمال کیا جا رہا ہے۔دنیا کی تیسری طویل ترین نان اسٹاپ پرواز کا اعزاز بھی سنگاپور ائیر لائنز کے پاس ہے جو نیویارک سے سنگاپور کے درمیان 18 گھنٹے 55 منٹ تک سفر کرتی ہے۔