پیداوار سے پیکنگ تک کا سارا ریکارڈ الیکٹرانک طریقے سے ایف بی آر کو ملے گا
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)چائے کی پیداوار اور فروخت کی نگرانی اور ٹیکس چوری روکنے کیلئے ایف بی آر نے پیک شدہ چائے کی پیداوار کی الیکٹرانک نگرانی کا فیصلہ کر لیا۔ چائے کے ہر ریٹیل پیک پر مشین سے پڑھا جانے والا بارکوڈ لگانا لازمی قرار دیدیا گیا۔پیکجڈ چائے بنانے اور پیک کرنے والی کمپنیوں کے لیے نئی ہدایات جاری کردی گئی، چائے کے ہر برانڈ، وزن اور پیکنگ کے لیے الگ بارکوڈ رجسٹر کرانا ہوگا، چائے کی پیداوار اور پیکنگ کا ڈیٹا فوری طور پر ایف بی آر کو منتقل ہوگا، نئے یا تبدیل شدہ پیکج کی رجسٹریشن پیکنگ سے 7 دن پہلے کرانا ہوگی۔چائے کی پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو 10 دسمبر تک مانیٹرنگ سسٹم لگانا ہوگا، دستی طریقے سے پیکنگ کرنے والی کمپنیوں کو بھی اسکیننگ کا انتظام کرنا ہوگا، بارکوڈ ہٹانے، چھپانے یا تبدیل کرنے پر پابندی عائد کر دی گئی۔نئے احکامات پیکجڈ چائے بنانے، بلینڈ اور پیک کرنے والی تمام رجسٹرڈ کمپنیوں پر لاگو ہوں گے، ایف بی آر کے منظور شدہ وینڈر سے بارکوڈ اور پیکنگ کی رجسٹریشن کرانا ہوگی، چائے کی ہر پیکنگ لائن پر الیکٹرانک مانیٹرنگ سسٹم نصب کرنا لازمی قرار دے دیا گیا۔سسٹم چائے کے ہر پیک پر بارکوڈ اسکین اور پیکٹوں کی تعداد ریکارڈ کرے گا، غیر رجسٹرڈ بارکوڈ والے چائے کے پیکٹ تیار کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ الیکٹرانک نگرانی کے بغیر پیکجڈ چائے فیکٹری سے باہر نہیں نکالی جاسکے گی۔