سوسائٹیز اور بورڈز جانشینی سرٹیفکیٹ کے بغیر جائیداد منتقل نہیں کریں گے‘ دعوے کی مدت 6 سال مقرر
خواتین کو وراثت سے محروم کرنا قابل سزا جرم ، تمام شرعی ورثاء کو انتقال سے قبل نوٹس دینا لازمی قرار
اسلام آباد(آن لائن)سپریم کورٹ نے وراثت، دعویٰ دائر کرنے کی میعاد اور جائیداد کے تنازعات سے متعلق فیصلہ جاری کر دیا۔ جسٹس شاہد وحید نے تحریری فیصلہ جاری کیا۔سپریم کورٹ نے ریونیو حکام کو فیملی رجسٹریشن سرٹیفکیٹ جاری کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا کہ انتقال سے قبل تمام شرعی ورثاء کو تحریری نوٹس دینا لازمی ہے، ہبہ یا دستبرداری کے وقت وارث کی ذاتی حاضری اور بیان ضروری ہے، خواتین کے بیانات کے وقت خاتون ریونیو افسر کی موجودگی یقینی بنائی جائے، سوسائٹیز اور بورڈز جانشینی سرٹیفکیٹ کے بغیر جائیداد منتقل نہیں کریں گے۔سپریم کورٹ نے پارلیمنٹ سے دستبرداری کو رجسٹرڈ دستاویز بنانے کی سفارش کر دی۔عدالت نے کہا کہ وقت گزرنے سے وارث کا حق ختم نہیں ہوتا، وراثتی حصہ مالک کی موت کے وقت فوری مل جاتا ہے، وراثتی حق محض خاموشی، تاخیر یا زبانی دستبرداری سے ختم نہیں ہوتا، وراثت کے دعویٰ کی مدت 6 سال ہے جو حق کے واضح انکار پر شروع ہوتی ہے، ایک وارث کا قبضہ تمام وارثوں کا مشترکہ قبضہ مانا جاتا ہے، ریونیو ریکارڈ یا انتقال میں نام نکلنے سے میعاد کا وقت شروع نہیں ہوتا، انتقالِ وراثت صرف مالیاتی ریکارڈ ہے ملکیت کی سند نہیں، حق کے انکار میں جائیداد کی فروخت، جعلی ہبہ یا انکار شامل ہے۔فیصلے میں کہا گیا کہ فوت شدہ وارث کے بعد اس کے بچے دعویٰ دائر کرنے کے مجاز ہیں، اصل وارث کو علم ہونے پر 6 سال گزرنے پر ورثاء کا دعویٰ بھی زائد المیعاد ہوگا، مشترکہ جائیداد کی تقسیم کے دعویٰ پر کوئی میعاد لاگو نہیں ہوتی، پوری قیمت دے کر جائیداد خریدنے والے تیسرے فریق کو قانون تحفظ دیتا ہے، خریدار پر لازم ہے کہ وہ خریداری سے قبل مکمل چھان بین کرے۔