35 ہزار کلومیٹر طویل رابطہ سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی ریکارڈ ہے:مریم نواز

 جہلم اور پنڈ دادنخان کے عوام کیلئے بڑا تحفہ، 128 کلومیٹر طویل للہ جہلم روڈ منصوبہ 5 سال بعد مکمل ‘ مریم نواز کی محکمہ تعمیرات و مواصلات کو شاباش
لاہور(آئی این پی) 2021 میں شروع ہونے والا 128 کلومیٹر طویل للہ جہلم روڈ منصوبہ 5 سال بعد مکمل ہوگیا۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز نے منصوبے کی تکمیل پر اظہار تشکر کرتے ہوئے محکمہ تعمیرات و مواصلات (سی اینڈ ڈبلیو) کو شاباش دی اور جہلم پنڈ دادن خان روڈ کی جلد تکمیل کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کردی۔وزیر اعلی مریم نواز شریف کو للہ جہلم روڈ منصوبے کی تکمیل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ 128 کلومیٹر طویل سڑک پنڈ دادن خان کو للہ انٹرچینج سے منسلک کرے گی، جبکہ منصوبہ 13 ارب 53 کروڑ 80 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا ہے۔وزیراعلی مریم نواز نے کہا  پنجاب میں ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکیں محض تعمیر نہیں ہورہیں بلکہ مواصلات کی تاریخ رقم کی جارہی ہے، صوبے میں پہلی مرتبہ 35 ہزار کلومیٹر طویل رابطہ سڑکوں کی تعمیر، توسیع اور بحالی ایک ریکارڈ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سڑکوں کی تعمیر سے نہ صرف عوام کو سفری سہولتیں میسر آتی ہیں بلکہ معاشی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔