سید منیر حسین گیلانی
یہ تاریخ کا حصہ ہے اور میری عمر کے کئی لوگوں کو یاد ہوگاکہ جب پیپلز پارٹی کے بانی چیئرمین وزیر اعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے فرانس سے ’ری پروسیسنگ پلانٹ‘ خریدا تو سامراج میں کھلبلی مچ گئی، سب سے زیادہ تکلیف امریکہ کو تھی اور اسی کے مطابق ردعمل بھی سخت تھا۔وجہ جہاں اسلام دشمنی تھی وہیں ’دنیا کے چودھری‘ سے کسی دوسرے ملک کے پاس ایٹمی قوت برداشت نہیں تھی۔ امریکی وزیر خارجہ ہنری کسنجر پاکستان آئے، ذوالفقار علی بھٹو سے گورنر ہاو ¿س لاہور میں ملاقات ہوئی،دباو ڈالا گیاکہ ایٹمی قوت بننے کا ارادہ ترک اور پلانٹ کی خریداری کا معاہدہ منسوخ کردیں لیکن شہیدذوالفقار علی بھٹو نے جواں مردی اور ہمت کے ساتھ ہنری کسنجر کی ہاں میں ہاں ملانے سے انکار کر دیا، لیکن اس کی قیمت صرف اسے ہی نہیں اس کے خاندان کو بھی بھگتنا پڑی۔یہ ان دنوں کی بات ہے جب بھارت ایٹمی دھماکے کرچکا تھا، پاکستان پر دباو تھا کہ دفاعی اقدامات کئے جائیں، اس وقت کے اخبارات میں وزیراعظم کا بیان شہ سرخی کے طور پر شائع ہوا ’’ گھاس کھا لیں گے لیکن ایٹمی قوت بنیں گے‘‘۔ اس کے جواب میں ہنری کسنجر نے ذوالفقار علی بھٹوکو دھمکی دی کہ آپ کو عبرت کا نشان بنا دیں گے۔
اللہ کے فضل و کرم سے اٹامک انرجی پر کام شروع ہوا، جس میں نمایاں کردارمحسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان رحمتہ اللہ علیہ اورثمر مبارک مند کا تھا۔کچھ عرصے بعدہنری کسنجر کی دھمکی کا اثر تھا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت کو گرا دیا گیا ، اقتدار پر جنرل ضیاء الحق نے قبضہ کر لیا،ذوالفقار علی بھٹو شہید کو جیل میں ڈال دیا گیا ذوالفقار علی بھٹو پر پیپلزپارٹی کے رہنما احمد رضا قصوری کے والد محمد احمد خان کے قتل کا مقدمہ بنا یا گیا۔ جسٹس مولوی مشتاق کی عدالت نے پاکستان کی عدالتی تاریخ کا بدترین فیصلہ سناتے ہوئے بھٹو کو سزائے موت کا حکم دے دیا،سزا پر عمل بھی ہوا،مگر اس کے بعد حالات نے پلٹا کھایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو کے داماد صدر پاکستان آصف علی زرداری نے سپریم کورٹ میں عدالتی قتل کیس پر سپریم کورٹ میںنظر ثانی کیس دائر کردیا، چیف جسٹس قاضی فائزہ عیسیٰ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے بنچ نے سابق وزیر اعظم کی پھانسی کوعدالتی قتل قرار دیا۔ یہ بہت بڑا حادثہ تھا، جس کے اثرات اور تلخی آج بھی پاکستانی معاشرے میں محسوس کی جاتی ہے۔مجھے اس پربات نہیں کرنی کہ وہ کیا واقعات تھے ، جو ذوالفقار علی بھٹو کی حکومت کے خاتمے کا باعث بنے؟لیکن یہ حقیقت ہے کہ اس وقت سے لے کربینظیر بھٹو کی شہادت تک ہنری کسنجر کی دھمکی کو ذوالفقار علی بھٹو کے خاندان نے بھگتا ہے۔ا ن کے چھوٹے بیٹے شاہنواز بھٹوکو فرانس میں قتل کیا گیا۔کراچی میں میر مرتضٰی بھٹو کو پولیس مقابلے میں مار دیا گیا۔ سیاست میںبھٹو خاندان سے سب سے موثراورمعزز شخصیت بے نظیر بھٹو تھیں،جن کی پہچان ذہانت ، جرات، عوام اور جمہوریت سے دوستی تھی۔جب اقتدار سے علیحدگی کے لئے جنرل پرویز مشرف سے سیاسی جماعتوں کے مذاکرات ہو رہے تھے، محترمہ بے نظیر بھٹو کوخود ساختہ جلاوطنی ختم کرنے کے لئے حالات کچھ ساز گار محسوس ہوئے تو انہوں نے اپنی پارٹی کے رہنماوں اور سیاسی حلیفوں کو لندن بلا کر مشورہ کیاکہ ان حالات میں انہیں پاکستان جانا چاہیے یا نہیں ©؟کچھ احباب نے ان کی زندگی کو درپیش خطرات کے مختلف پہلوئو ں سے آگاہ کیا اورمشورہ دیا کہ ملک کے دہشت گردی کی لپیٹ میں ہونے کی وجہ سے آپ ابھی پاکستان نہ جائیں۔اجلاس میں اپنا نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے میں نے کہا کہ پنجاب میں چودھری پرویز الٰہی ،جبکہ سندھ میں جام صادق علی کی حکومت ہے،یہ ہر دو افراد محترمہ بھٹو کے دشمن کہلائے جاتے تھے، ابھی پاکستان واپسی کے لئے حالات سازگار نہیں۔ لیکن محترمہ نے کہا کہ وہ ہر حالت میں پاکستان جائیں گی۔ محترمہ بینظیربھٹو جنرل پرویز مشرف سے بالواسطہ مذاکرات کر رہی تھیں۔انہوں نے کچھ گارنٹیوں کے ساتھ پاکستان آنے کا فیصلہ کر لیا۔ محترمہ بے نظیر بھٹو جب 18 اکتوبر 2007ء کوپاکستان آئیںتوان کے استقبالی قافلے پر خود کش حملے کئے گئے ، سانحہ کارساز کراچی رونما ہوا،177 افراد شہید ہوگئے لیکن محترمہ بچ گیئں۔اتنے بڑے واقعہ کے بعد بھی بے نظیر بھٹو گھر نہیں بیٹھیں،انتخابی مہم عروج پر تھی۔27 دسمبر2007ء کولیاقت باغ جلسے میں انہوں نے بڑی دلیری کے ساتھ عالمی اور پاکستانی سامراجیت کو للکارا۔ جلسہ ختم ہونے کے بعد محترمہ اپنی سوا ری پر بیٹھ کر نکل رہی تھیں کہ سازش کرنے والوں نے بینظیر بھٹو اور بیسیوں کارکنوں گو شہید کر دیا۔میں سمجھتا ہوں کہ قومی رہنماوں اور شہداء کا کردار قوم کی نظر میں زندہ و سلامت رہتا ہے ،بھٹو کو مارنے والے ہوں یا اسے مروانے والے ، ان کا تاریخ میں کوئی مثبت ذکر نہیں ہے لیکن شہداء کے خاندان کا ذکر ہر ترقی پسند نوجوان کے دل میں ہے اور انسانوں کی یلغار میں بھی’ جئے بھٹو ‘کا نعرہ آج بھی گونج رہا ہے۔ سیاسی فلسفے یا نظریے پر جان دینے والا ہمیشہ زندہ رہتا اور امر ہو جاتا ہے۔ کوئی اتفا ق کرے یا نہ کرے، حقیقت ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اور ان کی بیٹی کے ساتھ جو کچھ کیا گیا ہے اور قوم کی رہنمائی انہوں نے جو کی اور ملکی دفاع، آئین اور جمہوریت کے لئے جو قربانیاں پیپلز پارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے دیں، قوم شہداء کے خاندانوں کی مقروض ہے۔پاکستان کے ایٹمی پروگرام سے وابستہ کوئی شخصیت بھی سامراج سے محفوظ نہیں رہی۔ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کے ساتھ جو کچھ ہوا، کیا یہ عظیم قومی ہیرو محسن پاکستان اس کا مستحق تھا؟ذوالفقار علی بھٹو نے لاہور میں اسلامی سربرائی کانفرنس منعقد کروائی ، جس میں سعودی فرمانروا شاہ فیصل ،کرنل قذافی ،یاسر عرفات اور عالم اسلام کے بڑے بڑے رہنما شریک ہوئے۔یہ تمام نمایاں شخصیات بھی سامراجی ایجنڈے میں بڑی رکاوٹ تھیں۔ یکے بعد دیگرے ان سب کو شہید کر دیا گیا۔ گزشتہ دنوں پاکستان کے چیف آف ڈیفنس سروسزجنرل عاصم منیر کی کاوشوں سے تہران میں سیکرٹری ایرانی نیشنل سیکیورٹی کونسل محسن رضائی کی دعوت پرچار اسلامی قوتوں کا اجلاس منعقد ہوا،جس میںسعودی عرب کے وزیر دفاع ،ترکیہ کے انٹیلی جنس چیف شریک ہوئے۔ جبکہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان اور وزیرخارجہ عباس عراقچی بھی شامل تھے۔ یہ اجلاس سامراج کی آنکھوں میںاسی طرح کھٹک رہا ہے، جیسے اسلامی بلاک کی تشکیل کے لئے اسلامی سربراہی کانفرنس ، پاکستان کا ایٹمی اور میزائل پروگرام۔ امریکہ اور ایران کے درمیان جنگی حالات کو معمول پر لانے کے لیے فیلڈ مارشل صاحب کام کر رہے ہیں۔ صیہونی قوتیں اوراسرائیلی ایجنسیا ں، ان کے کارناموں اوراقدامات پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔تاریخ کے سابقہ ادوار کو پڑھتے ہوئے میں التماس کرنا چاہوں گا کہ ان کی حفاظت کے اقدامات اورانتظامات ضرور کرنے کی ضرورت ہے۔کیونکہ امریکی اور اسرائیلی چین سے نہیں بیٹھیں گے۔یہ بھی کوئی بڑی غیر اہم بات نہیں کہ امریکہ کے ساتھ بھی تعلقات رکھیں اور ایران کو بھی خوش رکھیں۔
……………………