امجد علی
قسط۔۔۔اول
نہیں تیرا نشیمن قصر سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
اقبال کی یہ نظم جس عہد میں منظر عام پر آئی، وہ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے سیاسی، تہذیبی اور اجتماعی شناخت کے حوالے سے ایک نہایت کٹھن دور تھا۔ ہندوستان برطانوی استعمار کے زیر اقتدار تھا اور گورنمنٹ آف انڈیا ایکٹ 1935ء نے ہندوستان کے سیاسی مستقبل اور مسلمانوں کے آئینی و سیاسی حقوق کے سوال کو مزید نمایاں کر دیا تھا۔ ہندو مسلم سیاسی اختلافات، نمائندگی اور اقتدار میں حصے داری کے سوالات، برطانوی استعمار کی آئینی حکمت عملی اور مسلمانوں کے سیاسی مستقبل سے متعلق بڑھتے ہوئے خدشات نے صورت حال کو پیچیدہ بنا دیا تھا۔
یہ صورت حال اس قوم کے لیے ایک بڑا المیہ تھی جس کا ماضی صدیوں کی حکمرانی، خلافت راشدہ کے تابندہ عہد اور اسلامی تہذیب و تمدن کی عظیم الشان روایتوں سے عبارت تھا۔ مگر وقت کی گردش نے اسے سیاسی غلامی، استعمار کے جبر، باہمی انتشار، بے بسی اور زوال کی دلدل میں دھکیل دیا تھا۔
یہی وہ زمانہ تھا جب اقبال نے اس زوال پذیر قوم کی نجات کے لیے اس کے نوجوان کو مخاطب کیا۔ ہندو مسلم مذہبی کشیدگی، باہمی منافرت اور سیاسی عدم استحکام کے ماحول میں انہوں نے شاہین کے استعارے کو اپنی فکری صدا کا وسیلہ بنایا اور نوجوان کے سوئے ہوئے احساس خودی کو بیدار کرنے کی کوشش کی۔ زیر نظر شعر اقبال کے مجموع? کلام بال جبریل میں شامل نظم ’’ایک نوجوان کے نام‘‘ کے تیسرے بند کا حصہ ہے، جو 1935ء میں منظر عام پر آئی۔ اس شعر میں اقبال محض کسی پرندے کی رہائش گاہ کا تعین نہیں کرتے، بلکہ ایک ایسی فکر اور طرز حیات کی طرف اشارہ کرتے ہیں جو انسان کو پستی، غلامی اور احساس کمتری سے نکال کر خودداری، آزادی اور بلندی کردار کی طرف لے جاتی ہے۔
ہر عظیم شاعر کے کلام میں بعض الفاظ، کردار اور علامات ایسی ہوتی ہیں جو محض الفاظ نہیں رہتیں بلکہ اس کی فکر، فلسفے اور فکری شناخت کا نمائندہ استعارہ بن جاتی ہیں۔ ان کے اندر معنی و مفاہیم کی ایک پوری کائنات آباد ہوتی ہے۔ علامہ اقبال کے ہاں بھی ایسے متعدد استعارے جلوہ گر ہیں، مگر شاہین کو ان میں ایک منفرد، مرکزی اور امتیازی مقام حاصل ہے۔ اقبال کی شاعری کی عظمت محض لفظوں کی سحر انگیزی، تشبیہات کی ندرت یا تخیل کی پرواز میں نہیں، بلکہ فلسف? خودی، سوز عشق، رفعت کردار اور عظمت انسانی کے اس پیغام میں پوشیدہ ہے جس کا شاہین ایک جیتا جاگتا علامتی پیکر ہے۔
لیکن سوال یہ ہے کہ اقبال نے انسانی عظمت، بالخصوص مسلم نوجوان کی تربیت اور مستقبل کی تعمیر کے لیے شاہین ہی کو کیوں منتخب کیا؟ اس پرندے کی فطرت، پرواز اور طرز حیات میں ایسی کون سی خصوصیات پوشیدہ ہیں جو انسانی کردار، خودی اور مقصد حیات سے ہم آہنگ ہیں؟ شاہین کی بلندی پرواز اور انسان کی بلندی فکر میں کیا رشتہ ہے؟ ان سوالات کا جواب تلاش کرنے کے لیے ضروری ہے کہ شاہین کے استعارے کو محض ایک شعری علامت کے بجائے اقبال کے تصور "مرد مومن" ، مسلم نوجوان کی منزل اور اس کے مقاصد حیات کے تناظر میں دیکھا جائے۔
اقبال نے شاہین کو محض ایک طاقت ور شکاری پرندے کے طور پر نہیں دیکھا، بلکہ اس کی فطرت اور معمولات حیات سے انسانی کردار کا ایک ایسا مثالی خاکہ اخذ کیا جس میں آزادی، خودداری، بلند ہمتی، قوت ارادی اور خود انحصاری جیسے اوصاف یکجا ہو جاتے ہیں۔ شاہین کی نگاہ تیز، ارتکاز غیر معمولی، پرواز بلند اور شکار پر گرفت مضبوط ہوتی ہے۔ وہ اپنی غذا کے حصول کے لیے خود جدوجہد کرتا ہے، مردار کا محتاج نہیں ہوتا، آسائش و سہولت کی خاطر اپنی آزادی سے دست بردار نہیں ہوتا اور اپنے مسکن کے لیے محفوظ و پرتعیش پناہ گاہوں کے بجائے کوہساروں کی بلند چٹانوں اور افلاک کی وسعتوں کو ترجیح دیتا ہے۔ اس کی زندگی میں خود انحصاری، بے نیازی، جرات اور مسلسل حرکت نمایاں ہیں۔ گویا اس کی پوری طرز حیات ایک ایسے آزاد مزاج کردار کی عکاس ہے جو حالات کا محکوم بننے کی بجائے اپنی فطرت کے مطابق جینے کا خوگر ہوتا ہے۔
شاہین کی انہی فطری خصوصیات کو اقبال نے ایک ایک پرندے کے معمولات سے بلند کر کے انسانی کردار کے فکری و علامتی معیار میں ڈھال دیا۔ اس کی بلند پروازی کو رفعت فکر، تیز نگاہ کو بصیرت و دور اندیشی، مضبوط گرفت کو عزم و استقامت، خود انحصاری کو محنت و غیرت اور آزادی پرواز کو خودداری و استغنا کی علامت بنا دیا۔ یوں شاہین کی فطرت سے کشید کیا گیا یہ جوہر خاص محض پرندے کی پہچان نہیں رہا بلکہ مسلم نوجوان کے لیے ایک مثالی منشور بن گیا۔ ایسا منشور جو اسے پستی فکر و عمل، احساس کمتری اور دوسروں کی محتاجی سے نکال کر خودی، آزادء فکر اور بلند مقاصد کی طرف رہنمائی کرتا ہے۔
یہاں شاہین کا استعارہ ایک اور بلند تر مفہوم اختیار کرتا ہے۔ اقبال کے نزدیک انسان محض اپنی مادی ساخت، جسمانی ضروریات اور زمینی وابستگیوں تک محدود رہنے والی مخلوق نہیں، بلکہ اس کے اندر ایسی فکری، روحانی اور اخلاقی استعدادیں پوشیدہ ہیں جنہیں بیدار کر کے وہ اپنی شخصیت کو غیر معمولی بلندیوں سے آشنا کر سکتا ہے۔ مٹی سے تخلیق ہونے والا یہی انسان جب اپنی خودی کی حقیقت پہچانتا، اپنے ارادے کو مضبوط کرتا اور اپنے مقصد کو بلند کرتا ہے تو اس کے قدم خاک پر رہتے ہوئے بھی اس کی نگاہ افلاک پر ہوتی ہے۔ یہی وہ تصور ہے جس میں انسان کا ایک قدم خاک پر اور دوسرا افلاک کی وسعتوں کا سینہ چیرنے کے لیے اٹھتا ہے۔ اقبال کے ہاں یہ محض تخیل کی پرواز نہیں بلکہ خود آگاہی، خودداری اور بلند نصب العین سے تعمیر ہونے والی شخصیت کا استعارہ ہے۔
آخر اقبال نے نوجوان کو ہی کیوں مخاطب کیا؟ وہ اپنے نوجوان کے باطن میں خودداری، بے باکی، خود اعتمادی، استغنا، بلند ہمتی اور احساس خودی کی شمع کیوں روشن کرنا چاہتے تھے؟ کیونکہ نوجوان کے اندر شاہین کے اوصاف؛ قوت بازو، بیباکی اور سرعت جیسی بہت سی مماثلتیں ہیں۔ اس میں بجلی کی طرح کوند کر جھپٹنے پلٹنے کی صلاحیت ہوتی ہے۔ اس کا جواب ان کے تصور آزادی میں پوشیدہ ہے۔ ان کے نزدیک قوموں کی حقیقی آزادی کا آغاز سیاسی اقتدار کی تبدیلی سے پہلے ذہنی اور فکری آزادی سے ہوتا ہے۔ جب تک انسان کا ذہن احساس کمتری، تقلید محض اور دوسروں کی مرعوبیت سے آزاد نہ ہو، اس وقت تک سیاسی آزادی بھی اپنی حقیقی معنویت حاصل نہیں کر سکتی۔ جو فرد اپنی صلاحیتوں پر یقین نہیں رکھتا، اپنے فیصلوں میں خود مختار نہیں اور اپنے مقصد کے تعین میں دوسروں کا محتاج ہے، وہ اقتدار کی تبدیلی کے باوجود فکری غلامی سے نجات نہیں پا سکتا۔ اسی لیے اقبال نوجوان کو شاہین کے کردار میں اپنی گم شدہ خودی تلاش کرنے کی دعوت دیتے ہیں.. (جاری ہے).