ایران کے وزیرِ خارجہ نے پاک افغان کشیدگی پر روسی و قطری ہم منصبوں سے رابطہ کیا ہے۔
ایران اور قطر کے وزرائے خارجہ کے درمیان ٹیلیفونک بات چیت میں دونوں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان کے مطابق، ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی اور قطری وزیرِ خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن الثانی نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان جاری کشیدگی پر تشویش کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔انہوں نے غزہ کی صورتِ حال پر بھی گفتگو کی۔دریں اثنا، روسی وزیرِ خارجہ سرگئی لاروف نے ایرانی ہم منصب عباس عراقچی سے ٹیلیفون پر بات کی، جس میں دونوں نے افغانستان اور پاکستان میں کشیدگی کو سیاسی اور سفارتی ذرائع سے حل کرنے پر زور دیا۔
روسی وزارتِ خارجہ کے مطابق، دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی سلامتی اور استحکام کے لیے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔عباس عراقچی نے افغانستان اور پاکستان کے درمیان حالیہ جھڑپوں پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے، علاقائی امن و استحکام کے لیے تعمیری کوششوں کی اہمیت پر زور دیا اور علاقائی ممالک کے درمیان مذاکرات اور تعاون کو بڑھانے کی ضرورت پر بھی بات کی۔