پنجاب میں تعلیمی اداروں کیلئے سکیورٹی الرٹ جاری

 کالجوں کو ایک گیٹ سے مرکزی داخلے، دیگر تمام دروازے بند رکھنے کا حکم  دیا گیا ہے
 تمام بیگز، گاڑیاں چیک ،داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کرنے کی ہدایت
لاہور(آئی  این پی ) محکمہ ہائرایجوکیشن نے پنجاب بھر کے کالجز کو سیکیورٹی بڑھانے کیلئے اقدامات کی ہدایت کردی۔ کالجز کو ایک گیٹ سے مرکزی داخلے، دیگر تمام دروازے بند رکھنے کا حکم دیا گیا ہے، اس کے علاوہ کالجز میں داخلے کے وقت تمام بیگز، گاڑیاں چیک کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔  محکمہ داخلہ کے حکم پرمحکمہ ہائرایجوکیشن کی سیکیورٹی اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔ جاری مراسلے کے مطابق پنجاب کے کالجز کے داخلی راستوں پر واک تھرو گیٹس، میٹل ڈٹیکٹرز استعمال کرنے کا حکم بھی دیا گیا ہے، طلبا اور عملے کو ہروقت اپنے شناختی کارڈز ساتھ رکھنے ہوں گے، کالجز میں اسٹیکرز کے بغیر گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ کالجز کی سرحدی دیواروں پر خاردار تاریں نصب کی جائیں، رات کے اوقات میں تمام کالجز کے احاطے میں روشنی کا انتظام کیا جائے، تمام کالجز کو مناسب سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے اور 24 گھنٹے فعال رکھنے کا حکم بھی دیا گیا ہے