لاہور(آئی این پی )داتا دربار پالتو جانوروں اور پرندوں کی مارکیٹ کے انہدام سے متعلق ابتدائی مقدمہ نمٹائے جانے کے بعد اب ایک نئی آئینی درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائرکردی گئی ۔نوروں کے حقوق کیلئے سرگرم کارکن عافیہ خان کی جانب سے ایک نئی درخواست دائر کی گئی جس کی پیروی بیرسٹر عزت فاطمہ کر رہی ہیں۔ درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ واقعے کی تمام تر ذمہ داری محض محکمہ وائلڈ لائف پر عائد نہیں کی جا سکتی، کیونکہ مسمار شدہ مارکیٹ میں موجود تقریبا 6 سے 7 فیصد جانور ہی اس محکمے کے دائرہ اختیار میں آتے تھے، جب کہ اکثریت ایسے جانوروں کی تھی جن کی دیکھ بھال سوسائٹی فار دی پریوینشن آف کروئیلٹی ٹو اینیملز(ایس پی سی اے) یا پنجاب پولیس اینیمل ریسکیو سینٹر (پی اے آر سی) کے دائرے میں آتی ہے۔بیرسٹر عزت فاطمہ کے مطابق انہوں نے عدالت سے درخواست کی ہے کسی ایک محکمے کے بجائے ایک آزاد کمیشن کے ذریعے مکمل اور غیر جانب دارانہ انکوائری کرائی جائے تاکہ اصل حقائق سامنے آ سکیں۔