چیف جسٹس نے 27 ویں آئینی ترمیم پر غور کیلئے آج فل کورٹ اجلاس طلب کرلیا

اجلاس  نماز  جمعہ سے قبل ہوگا ا‘ آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے گا‘  جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس صلاح الدین پنور  نے  اجلاس کیلئے درخواستیں دی تھیں
فل کورٹ اجلاس میں لا ء اینڈ جسٹس کمیشن اور عدالتی پالیسی ساز کمیٹی بھی شامل ہوں گی‘چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی آج  جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ دیں گے
اسلام آباد (آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک)  سپریم کورٹ کے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے 27ویں آئینی ترمیم پر بات چیت کے لیے فل کورٹ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اجلاس آج جمعہ نماز سے قبل ہوگا اور اس میں آئینی ترمیم کا شق وار جائزہ لیا جائے گا۔سپریم کورٹ کے تین ججز  جسٹس منصور علی شاہ، جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس صلاح الدین پنور  نے فل کورٹ اجلاس بلانے کے لیے درخواستیں دی تھیں۔ یاد رہے کہ اجلاس بلانے کی پیشرفت سے کچھ دیر قبل جسٹس صلاح الدین پنور نے چیف جسٹس کو خط لکھا تھا، جس میں انہوں نے آئینی ترمیم کے ممکنہ اثرات پر تشویش کا اظہار کیا اور فل کورٹ اجلاس فوری بلانے کی درخواست کی۔خط میں کہا گیا کہ 27ویں ترمیم اختیارات کے توازن کو متاثر کر سکتی ہے، اور آئین تقاضا کرتا ہے کہ سپریم کورٹ اس کا تحفظ کرے۔ جسٹس پنور نے مزید کہا کہ ‘‘تاریخ ہماری آسانی نہیں بلکہ ہماری فیصلہ سازی کی ہمت کو یاد رکھے گی، اور عوامی اعتماد کو بچانے کے لیے فوری فل کورٹ اجلاس بلایا جائے۔’’فل کورٹ اجلاس میں لا اینڈ جسٹس کمیشن اور عدالتی پالیسی ساز کمیٹی کو بھی مشاورت کے لیے شامل کیا جائے گا۔دریں اثناء ذرائع کے مطابق چیف جسٹس یحییٰ خان آفریدی نے جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ رکھ لیا، جسٹس امین الدین خان کے اعزاز میں عشائیہ آج چیف جسٹس ہاؤس میں ہوگا۔سپریم کورٹ ججز کو بھی عشاہیہ میں مدعو کیا گیا ہے، جسٹس امین الدین خان نے 30 نومبر کو عہدہ سے ریٹائر ہونا تھا۔