سندھ اور وفاق کا کیٹی بندر پورٹ بنانے پر اتفاق

 کیٹی بندر پورٹ بنانا وقت کی ضرورت،وزیر اعلیٰ سندھ کی وفاقی وزیر سمندری امورقیصر شیخ سے ملاقات میں گفتگو 
    کراچی(آئی این پی )سندھ اور وفاق نے کیٹی بندر پورٹ بنانے پر اتفاق کیا ہے ۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہمیں سمندری آلودگی کو ختم کرنے کیلئے مل کر اقدامات کرنے ہوں گے۔تفصیل کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر برائے سمندری امور قیصر شیخ کی ملاقات ہوئی ہے۔سیکرٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ اور چیئرمین قاسم پورٹ ریئر ایڈمرل ناصر شاہ ملاقات میں موجود تھے ۔ملاقات میں ماہی گیروں کے مسائل سے متعلق بات چیت کی گئی۔وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے کہا کہ بڑی جال کھینچنے والی کشتی کی وجہ سے مچھلی کی افزائش کو نقصان پہنچتا ہے، ٹریٹمینٹ پلانٹ لگانے کا پراجیکٹ ایڈوانس سٹیج پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ویسٹ واٹر ٹریٹ کر کے صنعتوں کو مہیا کریں گے، کمبائینڈ افیولینٹ ٹریٹمینٹ کے لیے وفاقی حکومت آگے آئے۔وفاقی وزیر قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ سمندری آلودگی کے خاتمے کیلئے وفاق کام کر رہا ہے۔سندھ اور وفاق نے کیٹی بندر پورٹ بنانے پر اتفاق کیا۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ کیٹی بندر پورٹ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔وفاقی وزیر قیصر شیخ کا کہنا تھا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر کیٹی بندر بنا سکتی ہیں۔