لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے گزشتہ روز مسیحی عبادت گاہوں، پارکس اور دیگرتفریحی عوامی مقامات پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر مختلف گرجا گھروں اور تفریحی مقامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ڈی آئی جی آپریشنز نے سینٹ انتھونی چرچ، میری چرچ انارکلی اور کیتھیڈرل چرچ سمیت دیگر اہم مقامات کا معائنہ کیا اور سکیورٹی اہلکاروں کو ہدایت دی کہ وہ مکمل چوکسی اختیار کریں۔ شہریوں کی حفاظت کیلئے 3ہزار سے زائد جوان سکیورٹی ڈیوٹی پر تعینات رہے جبکہ ڈویڑنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوز بھی فیلڈ میں موجود رہے۔گرجا گھروں میں داخلے سے قبل شہریوں کی سخت چیکنگ کی گئی، جہاں میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کا استعمال کیا گیا۔ حساس مقامات پر سنائپرز تعینات کیے گئے تھے جو کسی بھی مشکوک سرگرمی پر نظر رکھے ہوئے تھے۔اسی طرح تفریحی مقامات اور فیملی پارکس میں بھی پولیس کی اضافی نفری تعینات رہی، جبکہ باوردی اور سول لباس میں افسران و اہلکاروں نے سکیورٹی کی نگرانی کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ہدایت دی تھی کہ فیملیز کے ساتھ کسی بھی قسم کی چھیڑ خانی یا بدسلوکی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔ون ویلنگ، ہلڑ بازی، پتنگ بازی اور ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے اہم شاہراہوں پر ناکہ بندی کی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے سکیورٹی پر تعینات افسران و جوانوں کو شہریوں سے خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی۔ڈی آئی جی فیصل کامران نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ وہ دورانِ چیکنگ پولیس سے مکمل تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی یا فرد کی اطلاع فوری طور پر 15 پر دیں تاکہ شہر میں امن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔