بالی ووڈ اداکارہ سارہ علی خان نے کہا ہے کہ اچانک ملنے والی شہرت اور کامیابی بعض اوقات مشکل ثابت ہو سکتی ہے، اور اس حوالے سے انہیں ان کی والدہ امریتا سنگھ نے پہلے ہی خبردار کیا تھا۔
ایک حالیہ انٹرویو میں سارہ علی خان نے اپنے فلمی کیریئر اور اس کے آغاز پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے 2018 میں فلم ’کیدر ناتھ‘ سے اپنے سفر کا آغاز کیا، جس میں ان کے ساتھ سوشانت سنگھ راجپوت نے مرکزی کردار ادا کیا تھا۔اداکارہ کے مطابق ابتدائی دو فلموں کے بعد انہیں غیر معمولی مقبولیت ملی، تاہم بعد میں ریلیز ہونے والی فلمیں ’لَو آج کل‘ اور ’قلی نمبر 1‘ باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکیں، جس کے بعد انہیں سخت تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔سارہ علی خان نے کہا کہ ان کی والدہ اکثر انہیں سمجھاتی تھیں کہ تیزی سے ملنے والی کامیابی خطرناک بھی ہو سکتی ہے کیونکہ یہ سب بہت جلدی بدل جاتا ہے، اور عملی طور پر ان کے ساتھ بھی یہی تجربہ ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ناکامی کے بعد انہیں حقیقت کو بہتر انداز میں سمجھنے کا موقع ملا اور انہوں نے اپنی کمزوریوں پر کام شروع کیا۔ سارہ کے مطابق وہ مثبت تنقید کو اہمیت دیتی ہیں جبکہ غیر ضروری شور کو نظر انداز کر دیتی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک فنکار کے لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی خامیوں کو پہچان کر خود کو بہتر بنائے۔واضح رہے کہ سارہ علی خان اس وقت اپنی نئی فلم ’پتی پتنی اور وہ 2‘ کی تشہیر میں مصروف ہیں، جو 2019 کی فلم کا سیکوئل ہے۔