عید کے قریب آتے ہی مارکیٹوں میں خریداروں کا رش

بچوں کے ملبوسات،جوتوں اور خواتین کے سوٹس کی مانگ زیادہ:دکاندار
بچگانہ کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں آسمان سے باتیں کر ر ہی ہیں:والدین
لاہور(کرائم رپورٹر )عیدالفطر کی آمد قریب آتے ہی شہر کی مارکیٹوں اور بازاروں میں خریداروں کا رش بڑھ گیا ہے،شہری بچوں اور بڑوں کے لیے عید کی خریداری میں مصروف دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ریڈی میڈ برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کی دکانوں پر خاصا ہجوم دیکھنے میں آ رہا ہے،اندرون شہر سمیت شہر کے دیگر بڑے بازاروں اور شاپنگ مالز میں صبح سے رات گئے تک خریداروں کی بڑی تعداد موجود رہتی ہے،دکانداروں کے مطابق عید قریب آنے کے ساتھ ساتھ خریداری میں مزید تیزی آ رہی ہے،خاص طور پر بچوں کے ملبوسات،جوتوں اور خواتین کے سوٹس کی مانگ زیادہ ہے،شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی نے عید کی خوشیوں کو بھی متاثر کر دیا ہے،ریڈی میڈ برانڈڈ کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں کافی بڑھ چکی ہیں جس کی وجہ سے متوسط اور کم آمدنی والے طبقے کو خریداری میں مشکلات کا سامنا ہے،والدین کا کہنا ہے کہ بچوں کے کپڑوں اور جوتوں کی قیمتیں بھی آسمان سے باتیں کر رہی ہیں،ایک بچے کا مکمل جوڑا اور جوتے خریدنا بھی مہنگا پڑ رہا ہے اس کے باوجود والدین اپنے بچوں کی خوشی کے لیے استطاعت کے مطابق خریداری کرنے کی کوشش کر رہے ہیں،دوسری جانب دکانداروں کا کہنا ہے کہ مہنگائی اور اخراجات میں اضافے کی وجہ سے قیمتیں بڑھانا ان کی مجبوری ہے۔