تربیلا ڈیم :بجلی پیداوار کے 9یونٹ بند

پانی کی آمد 14400، اخراج 20ہزار کیوسک، قابل استعمال ذخیرہ 2فٹ رہ گیا ،8 یونٹ سے بجلی حاصل کی جارہی :ذرائع 
ہری پور (خصوصی رپورٹ) تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ سنگین صورت اختیار کر گیا، پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم ہو گئی اور قابل استعمال ذخیرہ 2فٹ رہ گیا۔ ذرائع کے مطابق تربیلا ڈیم کے 9 پیداواری یونٹس بند ہونے سے 499 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے ، تربیلا ڈیم کے 17 پیداواری یونٹس میں 4 ہزار 888 میگاواٹ بجلی بنانے کی صلاحیت ہے ، تربیلا ڈیم کے 8 پیداواری یونٹ سے 499 میگاواٹ بجلی حاصل کی جا رہی ہے۔ تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح تشویشناک حد تک کم ہو رہی ہے، تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح کم ہو 1404 فٹ پر آگئی جبکہ ڈیڈل لیول 1402 فٹ ہے، زیر استعمال ذخیرہ 2 فٹ باقی ہے۔ ڈیم ذرائع نے بتایا کہ تربیلا ڈیم میں پانی کا ذخیرہ ختم ہونے پر پانی کی مزید آمد کے مطابق پانی کا اخراج کیا جائے گا، تربیلا ڈیم میں پانی کی آمد 14 ہزار 4 سو کیوسک جبکہ پانی کا اخراج 20 ہزار کیوسک ہے۔