اسلام آباد(آئی این پی)پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ نے جعفر ایکسپریس حملے کو قومی سانحہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں پوری قوم کے ساتھ کھڑے ہیں اور قیمتی جانوں کے ضیاع پر بانی پی ٹی آئی خود بھی غم میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع سیاست کا نہیں بلکہ غم بانٹنے کا ہے اور ہم شہدا کے لیے دعا گو ہیں۔سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کچھ پی ٹی آئی سے منسوب سوشل میڈیا اکانٹس سے غیر اخلاقی ٹویٹس کی گئیں، تاہم پی ٹی آئی لاکھوں اکانٹس کو کنٹرول نہیں کر سکتی اور بعض لوگ پی ٹی آئی کا لبادہ اوڑھ کر ٹویٹس کرواتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ صورتحال کا ادراک کرنا ضروری ہے اور یہ وقت پاکستان کی اصل آواز سننے کا ہے، خاص طور پر بلوچستان کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ عوام کے درمیان فاصلے ختم کرنا ہوں گے اور کسی جماعت کو ختم کرنے کے بجائے اتحاد کی راہ اپنانا ہوگی۔