بس راولپنڈی سے ملتان جارہی تھی ،سڑک پرپھسلن کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا ،لاشیں وزخمی مختلف ہسپتالوں میں منتقل
راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک)موٹر وے ایم ٹو چکری انٹر چینج کے قریب نجی کمپنی کی مسافر بس حادثے کا شکار ہوکر گہرائی میں جاگری جس کے سبب 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس اور ریسکیو کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی، زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔نجی کمپنی کی بس راولپنڈی سے ملتان جا رہی تھی،سڑک پر پھسلن ہونے کی وجہ سے ڈرائیور بس پر قابو نہ رکھ سکا اور بس حادثے کا شکار ہوگئی۔موٹروے پولیس کے مطابق حادثے میں مجموعی پر 5 مسافر جاں بحق اور 41 زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں سے 22 کو ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال، 8 کو پمز اور 6 کو ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 کی میتیں ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال راولپنڈی اور ایک کی میت ڈسڑکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال چکوال منتقل کی گئی۔ زخمی ہونے والے مسافروں کے مطابق ڈرائیور بارش اور پھسلن کے باوجود مبینہ طور پر بس تیز رفتاری سے چلا رہا تھا۔ پولیس نے تحقیقات شروع کر دیں۔