ہماری قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار:ایازصادق

وزیراعظم شہباز شریف ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، نوازشریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ، ملک کی ترقی کا پہیہ روکا گیا
2017سے2023تک ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے گیا،مسلح افواج نے عوام کی طاقت سے بھارت کو بھرپورجواب دیا،،سپیکر قومی اسمبلی کی گفتگو 
لاہور (آئی این پی ) سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے کہا ہے کہ ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہیں۔لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں ترقیاتی سکیموں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا کہ جنہوں نے ملک کو تباہی کی طرف دھکیلا آج ان کا کوئی نام نہیں لے رہا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی حکومت سازش کے تحت ختم کی گئی ، ان کی حکومت ختم کرکے ملک کی ترقی کا پہیہ روکا گیا، 2017 سے2023 تک ملک آگے جانے کے بجائے پیچھے گیا، وہ چیف جسٹس جو فرعون بن کر بیٹھا تھا آج اس کا کوئی نام نہیں لیتا۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ وزیراعظم شہبازشریف ملک کی بہتری کے لیے دن رات کام کررہے ہیں، ہمارے سیاسی مخالفین مکافاتِ عمل کا شکار ہے، انہی لوگوں نے2018 میں بیگم کلثوم نواز کے خلاف غیر اخلاقی باتیں کیں ، انہوں نے ہماری قیادت کا مذاق اڑایا۔ایاز صادق نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے آئی ایم ایف کے لیے وعدوں سے روگردانی کی انہوں نے ملک کی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، ہماری قیادت نے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، موجودہ الیکشن کے بعد ملک پھر ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا بھارت نے پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگائے اور پاکستان کے خلاف جنگ شروع کر دی جس کا ہماری مسلح افواج نے عوام کی طاقت سے بھر پور جواب دیا۔