بھارتی فوج آج کشمیرمیں ڈوگرہ راج کے مظالم دہرا رہی ہے: مریم نواز

13جولائی 1931 کے 22شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے، یومِ شہداء کشمیر اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے 
 کشمیری شہدا ء کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیا کوئی جبر، کوئی طاقت ان کو غلام نہیں رکھ سکتی،پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ساتھ کھڑا ہے ،وزیراعلیٰ پنجاب
لاہور(آئی این پی )وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ 13جولائی 1931 کے 22شہداء سمیت ہر کشمیری شہید کو سلام جو ظلم کے خلاف حق کی صدا بنے، بھارتی قابض افواج آج کشمیرمیں ڈوگرہ راج کے مظالم دہرا رہی ہیں۔یوم شہداء کشمیر پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ کا کہنا تھ کہ کشمیر کے شہداء نے 1931میں ڈوگرہ راج کو للکارا آج بھارتی قابض فوج انہی مظالم کی داستان دہرا رہی ہے، ڈوگرہ راج ہو یا آج کی ظالم بھارتی فوج، کشمیریوں کے حوصلے کو کبھی شکست نہیں دے سکے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر کے شہداء کی قربانیاں بتاتی ہیں کہ زنجیریں کبھی حوصلے کو قید نہیں کر سکتیں، کشمیر کی مٹی میں حریت، وفا اور قربانی کی خوشبو رچی بسی ہے، یومِ شہداء کشمیر صرف محض ایک دن نہیں یہ اقوام متحدہ اور پوری امت مسلمہ کے ضمیر کو جگانے کی صدا ہے۔مریم نوازکا کہنا تھا کہ امریکی صدر ٹرمپ کا مسئلہ کشمیر کے حل پر حالیہ بیان حوصلہ افزاء ہے، پاکستان ہر فورم پر کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا، کشمیری شہداء کی قربانیوں نے دنیا کو بتا دیا کہ کوئی جبر، کوئی طاقت انکو غلام نہیں رکھ سکتی۔وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی ہر ایک تکلیف کو اپنی تکلیف سمجھتی ہے، ان کے دکھ کو اپنا دکھ سمجھتے ہیں، پاکستان کا بچہ بچہ کشمیر کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہے۔