بزرگوں کیلئے روایتی ہدایات کو چیلنج کرنیوالی 100 سالہ چینی فوڈ بلاگر

لاہور(نیٹ نیوز )چین کی 100 برس کی فوڈ بلاگر اب بھی کیکڑے اور ببل ٹی سے لطف اندوز ہوتی ہیں۔ پیرانہ سالی اور تمام دانت کھو دینے کے باوجود ڑونگ وین یو اب بھی روایتی کھانوں سے لے کر ببل ٹی، کولا، کافی اور آئس کریم جیسی غذاؤں پر ہاتھ صاف کرنے سے پہلو تہی نہیں کرتیں۔ایک چینی میڈیا ادارے کی پوسٹ کے مطابق شنگھائی سے تعلق رکھنے والی ڑونگ وین یو بزرگوں کے لیے دی جانے والی روایتی صحت سے متعلق ہدایات کو چیلنج کرنے کی وجہ سے سوشل میڈیا پر کافی مشہور ہیں۔واضح رہے کہ انھوں نے گزشتہ سال ستمبر میں اپنی 100ویں سالگرہ منائی۔ ان کی روزمرہ زندگی کو ان کی 1990 کی دہائی میں پیدا ہونے والی پوتی ڑیاودان دستاویزی شکل دیتی ہیں۔ چینی سوشل میڈیا ایپ شیاو ہونگ شو پر انکا اکاؤنٹ سو سالہ سسٹر ڑونگ کے نام سے موجود ہے۔دنیا کی معمر ترین خاتون 117 برس تک کیسے زندہ رہیں؟ دلچسپ انکشافات سامنے آگئے چینی میڈیا ادارے کے مطابق انکی پوتی کا کہنا ہے کہ دادی ایک نہایت منفرد شخصیت کی مالک ہیں اور زیادہ تر بزرگوں سے بالکل مختلف انداز میں زندگی گزارتی ہیں۔ اسی لیے میں نے ان کے یہ دلچسپ لمحات ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا۔مجھے اندازہ نہیں تھا کہ لوگ اس بڑے پیمانے پر ان کی ویڈیوز کو پسند کریں گے۔یاد رہے کہ ڑونگ وین یو گزشتہ برس اس وقت شہرت کی بلندیوں پر پہنچیں جب بالوں والے کیکڑے کھاتے ہوئے ان کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی۔