واٹس ایپ کے ذریعے سائبر حملوں کا خطرہ

سرکاری اداروں کو واٹس ایپ ، ڈیسک ٹاپ عارضی بند کرنے کی ہدایت :نیشنل سرٹ نیالرٹ جا ری کردیا 
 اسلام آباد (بیورو رپورٹ)پاکستان میں سرکاری افسروں ، سرکاری اداروں اور حساس معلومات تک رسائی رکھنے والے افراد کو واٹس ایپ ویب، ڈیسک ٹاپ ایپ اور ای میل کے ذریعے سائبر حملوں کا نشانہ بنائے جانے کے خطرے کے پیشِ نظر نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم(سرٹ )نے خبردار کیا ہے کہ ونڈوز کمپیوٹرز پر مشکوک فائلیں یا لنکس کھولنے سے نہ صرف کمپیوٹر کا کنٹرول حملہ آوروں کے ہاتھ میں جا سکتا ہے بلکہ پاس ورڈز، خفیہ دستاویزات اور ذاتی پیغامات بھی چوری ہو سکتے ہیں۔ حساس معلومات سے واسطہ رکھنے والے حکام کو ونڈوز کمپیوٹرز پر واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ استعمال کرنے سے گریز کرنے اور سرکاری کمپیوٹرز پر ان سروسز کے استعمال کو عارضی طور پر محدود کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ کہا گیا اگر کسی جانے پہچانے نمبر سے غیر متوقع پیغام یا فائل موصول ہو، یا واٹس ایپ کی لنکڈ ڈیوائسز میں کوئی نامعلوم ڈیوائس نظر آئے تو یہ ٹارگٹنگ کی واضح علامت ہو سکتی ہے۔ حساس معلومات رکھنے والے تمام افسران اور ملازمین کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سرکاری ونڈوز کمپیوٹرز پر واٹس ایپ ویب اور ڈیسک ٹاپ کا استعمال فوری بند کر دیں، پہلے سے لاگ ان مشکوک سیشنز کو فوری طور پر لاگ آئوٹ کریں، اس کے علاوہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والی فائلز کو سرکاری ونڈوز سسٹم پر منتقل کرنے سے بھی مکمل گریز کریں ۔