سندھ اسمبلی میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف تحریک التوا منظور کرلی گئی۔
رکن سندھ اسمبلی ہیر سوہو نے تحریک التوا پیش کی، جسے بحث کے لیے منظور کیا گیا۔ تحریک کا مقصد غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر صوبے میں عوامی مسائل کے حوالے سے بات چیت کرنا تھا۔دریں اثنا، سندھ پبلک سروس کمیشن (ایس پی ایس سی) میں بے ضابطگیوں اور کوٹہ سسٹم کے تحت ملازمتوں پر بھی ایک قرارداد پیش کی گئی۔ ایم کیو ایم کی رکن فوزیہ حمید نے اس قرارداد کو پیش کیا، جس میں سندھ کے بچوں کے لیے مساوی مواقع کی فراہمی کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ تاہم، یہ قرارداد ایوان نے کثرت رائے سے مسترد کر دی۔وزیر قانون ضیاء لنجار نے اس قرارداد کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ کچھ چیزیں عدالت کے حکم پر کی جارہی ہیں، اور وہ اس قرارداد کے حق میں نہیں ہیں۔