جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں ناگزیر :فریحہ علی رندھاوا
لاہور ( خصوصی رپورٹ) پاکستان انڈسٹریل ٹیکنیکل اسسٹنس سینٹر (پیٹاک) میں جمعرات کے روز وزارت صنعت و پیداوار کے زیرِ اہتمام انڈس اے آئی ویک2026 کے سلسلہ میں مصنوعی ذہانت سے متعلق آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جبکہ ادارے میں جدید ترین اے آئی لیبارٹری بھی قائم کر دی گئی۔پیٹاک کی ڈائریکٹر جنرل فریحہ علی رندھاوا نے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جدید ڈیجیٹل اور مصنوعی ذہانت سے متعلق مہارتیں مستقبل کے تکنیکی ماہرین کیلئے ناگزیر ہو چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پیٹاک میں قائم کی گئی جدید اے آئی لیبارٹری میں مشین لرننگ، ڈیپ لرننگ اور پائتھن پر مبنی اے آئی ایپلی کیشنز پر اعلی سطحی تربیت فراہم کی جائے گی،جس کا مقصد صنعتی شعبے کیلئے تربیت یافتہ افرادی قوت تیار کرنا اور اطلاقی تحقیق کو فروغ دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سیمینار پیٹاک کے اس عزم کا عکاس ہے کہ ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو فنی تعلیم اور صنعتی تربیت کے نظام میں ضم کر کے پاکستان کے صنعتی شعبے کو جدید مہارتوں اور تکنیکی جدت کے ساتھ ہم آہنگ کیا جائے۔نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا صنعتی مسابقت،جدت اور پائیدار ترقی کیلئے کلیدی حیثیت رکھتا ہے