محکموں میں شفافیت و احتساب کو مزید مضبوط بنایا جائے گا:ڈپٹی کمشنر آصف رضا
پاکپتن(خصوصی رپورٹ) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو ڈاکٹر ثمن عباس کی زیر صدارت ای بیز پورٹل کے حوالے سے میونسپل کمیٹی ہال میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار کا مقصد کاروباری افراد کو آن لائن کاروبار کی رجسٹریشن، این او سی کے حصول اور ضلعی محکموں سے متعلق شکایات کے آن لائن اندراج کے طریقہ کار سے آگاہ کرنا تھا۔سیمینار میں بتایا گیا کہ کاروباری حضرات ضلع کونسل، میونسپل کمیٹی، لیبر دفاتر اور پنجاب فوڈ اتھارٹی سے متعلق این او سی اب ای بیز پورٹل کے ذریعے شفاف اور بروقت حاصل کر سکتے ہیں، جس سے کرپشن، سفارش اور تاخیر کے مسائل ختم ہوں گے۔ نیٹ ورک ایڈمنسٹریٹر فیاض مسعود نے شرکاء کو پورے آن لائن رجسٹریشن اور شکایات درج کرنے کے طریقہ کار سے متعلق عملی بریفنگ دی تاکہ شہری حکومت پنجاب کی اس سہولت سے باآسانی فائدہ اٹھا سکیں۔ڈپٹی کمشنر آصف رضا نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح شہریوں اور کاروباری طبقے کو شفاف، بروقت اور آسان خدمات فراہم کرنا ہے۔ ای بیز پورٹل اور ڈسٹرکٹ کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے عوام کو تمام سہولیات آن لائن دستیاب ہوں گی اور محکموں میں شفافیت و احتساب کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔ سیمینار میں مختلف محکموں کے افسران، کاروباری افراد اور ضلعی نمائندگان نے بھرپور شرکت کی، جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے ویڑن کے مطابق شہری سہولت کے لیے جدید ڈیجیٹل نظام کی افادیت پر زور دیا گیا۔