چور نے دکان کے اندر داخل ہونے کیلئے فورک لفٹ کو استعمال کیا
انقرہ (آئی این پی) ترکیہ میں چوری ایک حیرت انگیز واردات میں چوردکان سے زیورات چرانے کے بعد گدھے پر بیٹھ کر فرار ہوگیا۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق وسطی ترکیہ کے علاقے کیسری میں ایک چور نے ایک دکان کے اندر داخل ہونے کیلئے فورک لفٹ کو استعمال کیا اور اندر داخل ہوکر شیشے سے بنی الماریوں کو توڑا اور سونے کے زیورات چرا لیے۔اس نے اتنا سونا اٹھایا جتنا اٹھا سکتا تھا اور پھر بھاگ گیا۔ تاہم وہ کسی موٹر سائیکل یا تیز رفتار گاڑی پر نہیں بلکہ ایک گدھے پر سوار ہوکر فرار ہوا۔ اس نے مجموعی طور پر 150 گرام سونے کے زیورات چرائے جن کو بعد میں زمین کے اندر سے نکالا گیا۔26 سالہ مشتبہ چور کو مقامی پولیس نے گرفتار کیا۔ایک ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پولیس اہلکار زمین کھود کر زیورات نکال رہے تھے۔ان زیورات کو ایک سیاہ بیگ میں رکھ کر دفن کیا گیا تھا۔ایک اور ویڈیو میں دکھایا گیا کہ پولیس اہلکار مشتبہ چور سے ریسلنگ کرتے ہوئے پولیس کی گاڑی کی جانب لے جا رہے ہیں۔