شادی شدہ خاتون قرض وصولی کیلئے ایجنٹ کے ساتھ بھاگ گئی

نئی دہلی (نیٹ نیوز) بھارتی ریاست بہار میں ایک خاتون نے اپنے " ظالم اور شرابی شوہر " سے تنگ آ کر قرض کی وصولی کرنے والے ایجنٹ سے شادی کر لی۔ رپورٹس کے مطابق، اندرا کماری کی شادی نکل شرما سے 2022 میں ہوئی تھی لیکن شادی کے بعد سے ہی وہ شوہر کے  تشدد کا نشانہ بنتی رہی۔ مسلسل جسمانی اور ذہنی اذیت برداشت کرنے کے بعد اندرا نے اس رشتے سے نکلنے کا فیصلہ کیا۔نیوز 18 کے مطابق اندرا کماری کی ملاقات پون کمار یادو سے ہوئی جو ایک فنانس کمپنی میں قرض کی وصولی کا کام کرتا تھا۔ پہلے پہل ان کی ملاقاتیں قرض کی قسطوں کی وصولی کے سلسلے میں ہوئیں لیکن آہستہ آہستہ یہ پیشہ ورانہ تعلق دوستی  اور پھر محبت میں تبدیل ہو گیا۔تقریباً پانچ ماہ تک اندرا اور پون نے اپنے تعلق کو خفیہ رکھا۔ 4 فروری کو دونوں  مغربی بنگال فرار ہو گئے۔ یہاں  اندرا کی خالہ رہتی ہیں۔ چند دن وہاں گزارنے کے بعد 11 فروری کو وہ واپس جموئی آئے اور ایک مندر میں ہندو رسم و رواج کے مطابق شادی کر لی۔ ان کی شادی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد یہ معاملہ سب کی توجہ کا مرکز بن گیا۔پون کے گھر والوں نے اس شادی کو قبول کر لیا لیکن اندرا کے خاندان نے سخت مخالفت کی اور پون کے خلاف ایف آئی آر درج کروا دی۔ اندرا کا کہنا ہے کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور وہ اپنے شوہر کے ساتھ رہنا چاہتی ہے۔ اندرا اور پون کو اندیشہ ہے کہ اندرا کے اہل خانہ اور سماج سے انہیں خطرہ لاحق ہو سکتا ہے اسی لیے انہوں نے پولیس سے تحفظ کی درخواست کی ہے