اے ایس آئی کے قتل میں ملوث ملزم گرفتار

لاہور(کرائم رپورٹر)ایف آئی اے کورٹ کے باہر اے ایس آئی محمد شاہد کو تشدد کا نشانہ بنا کر شہید کرنے والے ملزمان کو اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ سے گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق انویسٹی گیشن ونگ کی ٹیم اشتہاری ملزم کی گرفتاری کے لیے مزنگ پہنچی تھی، جہاں اشتہاری ملزم نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا۔ شدید تشدد کے نتیجے میں اے ایس آئی محمد شاہد جان کی بازی ہار گئے تھے۔آئی جی پنجاب کی ہدایت پر ملزمان کی گرفتاری کے لیے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر تمام کارروائی کی خود نگرانی کی۔ پولیس ٹیم نے جدید ٹیکنالوجی اور انٹیلی جنس کی مدد سے چوبیس گھنٹوں کے اندر اندر ملزمان کو بنی گالہ اسلام آباد سے گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ڈی آئی جی آپریشنزفیصل کامران کا اس موقع پر کہنا تھا کہ محکمہ پولیس کاہرجوان جان ہتھیلی پر رکھ کر قوم کی خدمت کرتا ہے۔ فرض کی راہ میں جان دینے والے پولیس افسران اور اہلکاروں ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں۔ ملزمان کو قانون کے مطابق کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔انہوں نے ایس پی سول لائنز عبدالحنان، ایس ایچ او مزنگ احسن اقبال سمیت پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔