بھیک منگوانے والے کو3سے 10 سال قید، 20 لاکھ تک جرمانہ کیاجائے گا: بل کی تفصیلات سامنے آ گئیں
لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب اسمبلی میں پیش کئے جانے والے دی پنجاب ویگرینسی (ترمیمی)بل 2025 کی تفصیلات کے تحت صوبہ میں بھیک منگوانا ناقابل ضمانت جرم قراردیدیا گیا۔کسی سے بھیک منگوانے والے سرغنہ کو 3 سال قید و3 لاکھ جرمانہ یا دونوں ہونگے۔جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 6 ماہ قید ہوگی۔ایک سے زائد افراد سے بھیک منگوانے والے کو 3 سے 5 سال قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ یا دونوں ہونگے۔بچوں سے بھیک منگوانے والے کو 5 سے 7 سال قید اور 7 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔جرمانے کی عدم ادائیگی پر مزید 1 سال قید ہوگی۔ کسی بچے یا بڑے کو جبری معذور کر کے بھیک منگوانے والے کو 7 سے 10 سال قید اور 20 لاکھ تک جرمانہ ہوگا۔جرمانے کی عدم ادائیگی پر گینگ کے سرغنہ کو مزید 2 سال قید کی سزا ہو گی۔ایک بار سزا پانے والا اگر جرم دوہرائے گا تو آرڈیننس میں دی گئی سزا سے دوگنی سزا اور جرمانہ ہوگا۔حکومت پنجاب نے پیشہ ور بھکاریوں اور مافیا ز کو کیفرِ کردار تک پہنچانے کیلئے قانون میں ترامیم پیش کیں۔صوبائی کابینہ انسداد گداگری قانون میں ترامیم پہلے ہی منظور کر چکی ہے۔ علاو ہ ازیں پنجاب اسمبلی میں پیش فرانزک سائنس اتھارٹی بل 2025 کی تفصیلات کے مطابق صوبہ میں فرانزک سائنس اتھارٹی بنائی جائیگی جسکا مقصد دستاویزات، مواد، آلات، تاثرات یا دیگر اشیا کے فرانزک معائنہ کیلئیمستند و سائنسی بنیادوں پر کام کرنا ہو گا۔اتھارٹی کے ذریعے فرانزک مواد کی جانچ اور ماہرانہ رائے کا عمل مزید موثر وشفاف بنایا جائے گا۔اتھارٹی کو ماہرین کی تقرری کا اختیار ہوگاجنکی رائے کو عدالتوں میں قابل قبول سمجھا جائے گا۔ماہر یا آفیسر غلط یا گمراہ کن رائے پر 5 سال تک قید اور 5 لاکھ تک جرمانہ کا حقدار ہوگا۔ایسے جرائم غیر ضمانتی ہونگے اور سیشن کورٹ میں مقدمہ چلایا جائیگا جبکہ پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کو اتھارٹی میں ضم کیا جاتا ہے تو اسکے تمام ملازمین، چاہے وہ مستقل ہوں یا معاہدے پر، اتھارٹی میں منتقل ہو جائینگے۔