زمین تنازع حل، ملازمت فراڈ اور خواتین کو ہراساں کرنے کی شکایات کی شنوائی
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کے معاونِ خصوصی راشد نصراللہ نے ڈی آئی جی آپریشنز کے دفتر کا دورہ کیا، جہاں ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کھلی کچہری میں شہریوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مسائل کے حل سے متعلق بریفنگ دی۔ آٹھ سال سے زیر التوا زمین کا تنازع حل ہونے پر شہری نے ڈی آئی جی آپریشنز کو گلدستہ پیش کرکے ان کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ جہلم سے ملازمت کی تلاش میں لاہور آنے والے شہری نے شکایت کی کہ اسے واٹس ایپ پر نوکری کا جھانسہ دے کر گارڈن ٹا ئون بلایا گیا اور رقم ہتھیا لی گئی، جبکہ اسے ملازمت بھی نہ ملی اور رات سڑک پر گزارنا پڑی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے رقم واپس دلوانے اور ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ہنجروال کے رہائشیوں نے گلی محلوں میں اوباش افراد کے ڈیرے اور خواتین و بچیوں کو ہراساں کرنے کی شکایت کی، جس پر ایس ایچ او ہنجروال کو فوری قانونی کارروائی کی ہدایت کی گئی۔ کھلی کچہری میں مالی فراڈ، سود، جائیداد، لین دین میں دھوکہ دہی، کرایہ داری اور گروی مکان سے متعلق شکایات بھی سنی گئیں۔ فیصل کامران نے کہا کہ خواتین اور بچیوں کو ہراساں کرنے والوں کے لیے لاہور میں کوئی جگہ نہیں اور شہریوں کے مسائل کا بروقت حل پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کھلی کچہری شہریوں کو عملی ریلیف فراہم کرنے کا پلیٹ فارم ہے۔