پی ٹی آئی نے استعفوں کا فیصلہ کیا تو قومی اسمبلی کے 40ارکان ساتھ نہیں دینگے: وفاقی وزیر کا دعویٰ

تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک؟
 قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں فارورڈ بلاک بننے کا امکان،پی ٹی آئی کے ارکان ماضی میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کے بعد پچھتاتے رہے ہیں،بعض پالیسیوں سے تنگ ہیں: طارق فضل چوہدری کی گفتگو 
اسلام آباد(بیورو رپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے قومی اسمبلی اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے اندر فارورڈ بلاک کے قیام کا انکشاف کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر پی ٹی آئی نے استعفوں کا فیصلہ کیا تو قومی اسمبلی کے 40 سے زائد ارکان استعفے نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان ارکان کو فارورڈ بلاک کہیں یا کچھ اور، وہ استعفیٰ نہیں دیں گے۔ ان کے مطابق پی ٹی آئی کے ارکان ماضی میں قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے استعفے دینے کے بعد پچھتاتے رہے ہیں اور اب جماعت کے بعض ارکان اس کی پالیسیوں سے تنگ ہیں، جس کے باعث وہ مزید ساتھ چلنے سے گریز کر سکتے ہیں۔ طارق فضل چوہدری نے دعویٰ کیا کہ خیبرپختونخوا اسمبلی میں پی ٹی آئی کے اندر فارورڈ بلاک بننے کے امکانات زیادہ ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جلائو گھیرائو کی سیاست ناکام ہو چکی ہے اور جماعت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔