اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ نے صوبہ خیبر پختونخوا میں سیاسی صورتحال کے باعث پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے جاری فرسٹ کلاس ٹورنامنٹ کے پشاور اور ایبٹ آباد میں شیڈول میچز دوسرے شہروں میں منتقل کر دیے ہیں۔اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہونے والے میچز پہلے سے طے شدہ شیڈول کے مطابق جاری رہیں گے۔پشاور کے عمران خان اسٹیڈیم میں غنی اور حیدرآباد کنگز مین اکیڈمی کے درمیان میچ 14 اکتوبر سے شیخوپورہ کی رانا نوید اکیڈمی میں کھیلا جائے گا جبکہ ایبٹ آباد میں شیڈول سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ اور آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ کا مقابلہ لاہور کے ایل سی سی اے گرائونڈ منتقل کر دیا گیا ہے۔آخری رائونڈ کے میچز اب 19 اکتوبر سے شروع ہوں گے جبکہ مارخور آئی ٹی سلوشنز اور پاکستان ٹی وی کا میچ بھی لاہور میں ہوگا۔پوائنٹس ٹیبل پر اسٹیٹ بینک آف پاکستان 84 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ غنی 70 پوائنٹس لے کر دوسرے نمبر پر ہے۔