پولیس 21 ہزار 805 افغانیوں سمیت غیر ملکی ڈی پورٹ کر چکی
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب بھر میں غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ شروع کر دیا گیا ہے۔ پنجاب پولیس کی رپورٹ کے مطابق تینوں مراحل میں اب تک لاہور سمیت صوبہ بھر سے 21 ہزار 805 افغانیوں سمیت غیر قانونی مقیم غیر ملکی باشندوں کو ڈی پورٹ کیا جا چکا ہے جبکہ 123 افراد مختلف ہولڈنگ پوائنٹس پر موجود ہیں۔ لاہور میں 5 اور صوبہ بھر میں 46 ہولڈنگ سنٹرز قائم کیے گئے ہیں۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی مقیم افراد کے مکمل انخلا کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس بین الاقوامی قوانین کے مطابق انخلا پالیسی پر عمل پیرا ہے اور اس عمل کے دوران انسانی حقوق کو مکمل طور پر مدنظر رکھا جا رہا ہے تاکہ کارروائی منصفانہ اور قانون کے مطابق ہو۔