پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی رہنما اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان پر 26 نومبر احتجاج کیس میں فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی کل (منگل، 14 اکتوبر) تک ملتوی کر دی گئی ہے۔
یہ کیس تھانہ صادق آباد میں درج ہے، جو 26 نومبر کے احتجاج سے متعلق ہے۔ آج ہونے والی سماعت کے دوران عدالت نے علیمہ خان کی ایک دن کی حاضری معافی کی درخواست قبول کر لی، جس کے نتیجے میں فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ملتوی کر دی گئی۔سماعت کے دوران ملزم عاطف ریاض عدالت میں پیش ہوئے، جس پر عدالت نے ان کے وارنٹِ گرفتاری منسوخ کر دیے۔
مزید برآں، عدالت نے علیمہ خان سمیت تمام دیگر ملزمان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل کی سماعت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔کیس کی سماعت انسدادِ دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج محمد علی شاہ نے کی، جنہوں نے ہدایت دی کہ کل (منگل، 14 اکتوبر) کو تمام ملزمان پر فردِ جرم عائد کی جائے گی۔