کراچی کے موسم میں تبدیلی، صبح خشک اور رات میں خنکی ہونے لگی

کراچی (آئی این پی )کراچی میں موسم تبدیل ہونا شروع ہو گیا ، صبح کے وقت موسم خشک جبکہ رات میں خنکی محسوس کی جانے لگی ۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں مطلع صاف، دن بھر تیز دھوپ کے ساتھ موسم  گرم و مرطوب رہیگا جب کہ شہر میں ہوائوں کی سمت تبدیل ہوئی ہے اور ہوائیں شمال مشرقی سمت سے چل رہی ہیں۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں موسم کی صورتحال تبدیل ہوئی ہے اور موسم صبح میں خشک رہتا ہے جبکہ رات میں خنکی ہوتی ہے، اس وقت ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 24.3ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا جبکہ آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جاسکتا ہے۔