نشیبی علاقوں میں پانی جمع ، فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل رہی
پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی
لاہور ،نوشہرہ ورکاں ،گلگت،ملتان(خصوصی رپورٹ )پنجاب کے مختلف شہروں میں بادلوں کے ڈیرے برقرار ہیں، لاہور میں صبح سویرے تیز ہوائوں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی۔ ایبٹ روڈ، لکشمی چوک، مال روڈ، سول سیکرٹریٹ، ساندہ، چوبرجی، فیروزپور روڈ، گلبرگ، کینال روڈ، مسلم ٹائون،جوہر ٹائون اور دیگر علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار جبکہ درجہ حرارت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی اور خنکی میں اضافہ ہوگیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔بارش کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہوگیا، کئی علاقوں میں فیڈر ٹرپ ہونے سے بجلی کی سپلائی معطل ہوگئی۔اس کے علاوہ منچن آباد، سانگلہ ہل، ننکانہ صاحب، سیالکوٹ، حافظ آباد، پنڈی بھٹیاں اور دیگر شہروں میں بھی بارش سے موسم خوشگوار ہوگیا۔دوسری جانب آزاد کشمیر کے پہاڑوں کے بعد شہری آبادیوں میں بھی برفباری ہوگئی، وادی نیلم کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی، سیاحتی گائوں اڑنگ کیل میں برفباری سے ہرطرف سفیدی بکھر گئی، گریس ویلی، شونٹھر میں بھی گزشتہ رات برفباری ہوئی۔مظفرآباد شہر اور گردونواح میں بھی بارش سے موسم تبدیل ہوگیا، وادی لیپہ، ضلع باغ، حویلی کے بلند پہاڑوں پر بھی برفباری ہوئی، آج بھی بعض علاقوں میں بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔چترال اور گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ پہاڑوں پر موسم کی پہلی برفباری کے بعد ہر طرف سفیدی چھا گئی، بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا اور شہریوں نے گرم کپڑے پہننا شروع کر دئیے ہیں۔گلگت بلتستان کے بالائی پہاڑی علاقوں میں موسم سرما کی پہلی برفباری ہوئی جبکہ گلگت شہر، سکردو، ہنزہ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث موسم سرد ہوگیا اور معمولات زندگی متاثر ہوئے ہیں۔