اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کو طویل مدتی معدنی سرمایہ کاری کے لیے ایک مسابقتی منزل بنانا ہمارا مقصد ہے، کان کنی کے پورے ماحولیاتی نظام کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔
پاکستان منرلز انویسٹمنٹ فورم 2026 کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ کانوں اور کان کنوں، سرمایہ کاری، صنعتوں، منصوبوں اور ان سے وابستہ افراد کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا مشترکہ قومی مقصد ہے، جس کے لیے تمام متعلقہ شعبوں کو مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا مقصد صرف خام معدنیات برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔ ہم ایسی طویل مدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتے ہیں جو پاکستان اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ معدنی شعبے کی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں۔ معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کو اپنی زندگیوں میں واضح اور ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نتائج حاصل کرنے کے لیے ہمارے عوام طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔