لاہور کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی اور ٹھنڈی ہواؤں کے باعث موسم خوشگوار ہوگیا، جبکہ فضائی آلودگی کی سطح میں بھی نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
بارش کے بعد لاہور آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں 15ویں نمبر پر آگیا، جبکہ شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 111 ریکارڈ کیا گیا، جس سے فضائی معیار میں بہتری ظاہر ہوتی ہے۔فضائی آلودگی کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق ڈی ایچ اے فیز فائیو میں ایئر کوالٹی انڈیکس 253، بیدیاں روڈ پر 217، علامہ اقبال ٹاؤن میں 180، عسکری 10 میں 138 جبکہ ماڈل ٹاؤن میں 122 ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور دن بھر سورج اور بادلوں کے درمیان آنکھ مچولی جاری رہنے کا امکان ہے۔ شہر کا موجودہ درجہ حرارت 22 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 29 اور کم سے کم 16 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں 8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 66 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔