آج سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کا نیا متن منظور کیا جائے گا

آج سینیٹ سے 27 ویں آئینی ترمیم کا نیا متن منظور کیا جائے گا

آج سینیٹ میں 27 ویں آئینی ترمیم کا نیا متن منظوری کے لیے بھیجا جائے گا، جس کے لیے سینیٹ کا اجلاس صبح 11 بجے ہوگا۔

 اس کے علاوہ، وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی دوپہر کو طلب کیا گیا ہے جس میں آئینی ترامیم کے تناظر میں قوانین میں تبدیلیوں کی منظوری دی جائے گی۔ کل قومی اسمبلی میں 27 ویں آئینی ترمیم کو دو تہائی اکثریت سے منظور کیا گیا، جہاں اپوزیشن نے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کارروائی کا بائیکاٹ کیا۔حکومت کے پاس ترمیم کی منظوری کے لیے درکار 224 سے زیادہ 234 ارکان موجود تھے، مگر جے یو آئی (ف) نے مخالفت میں ووٹ دیا۔قومی اسمبلی میں 27 ویں ترمیم میں 8 نئی ترامیم شامل کی گئی ہیں، جن میں آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں تبدیلی شامل ہے، جس کے تحت سنگین غداری کا عمل کسی بھی عدالت کے ذریعے جائز قرار نہیں دیا جائے گا۔ اس کے علاوہ، آرٹیکل 6 کی کلاز 2 میں ہائی کورٹ، سپریم کورٹ، اور آئینی عدالت کے الفاظ کا اضافہ بھی کیا گیا ہے۔موجودہ چیف جسٹس کو عہدے کی مدت پوری ہونے تک چیف جسٹس پاکستان کہا جائے گا، اور اس کے بعد، چیف جسٹس سپریم کورٹ اور چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت میں سے سینئر ترین جج کو چیف جسٹس مقرر کیا جائے گا۔