دنیا بھر میں تنازعات کی نوعیت بدل رہی ہے ‘ اب جنگوں میں ہتھیاروں کے بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال اہمیت اختیار کر گیا ہے
آرٹیفیشل انٹیلی جنس سکیورٹی، ڈیفنس، تعلیم، سیاحت، فنانس، اور تجارت سمیت ہر شعبے میں جڑیں مضبوط کر رہی ہے:وفاقی وزیر
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر برائے آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ خواجہ کہتی ہیں مصنوعی ذہانت صرف آئی ٹی اور ٹیکنالوجی تک محدود نہیں رہی۔یہ نیشنل سیکیورٹی سمیت ہر شعبے کی ضرورت بن چکی ہے۔مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرآئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ نے اے آئی کی افادیت اور اس سے متعلق چیلنجز پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا دنیا بھر میں تنازعات کی نوعیت بدل رہی ہے اور اب جنگوں میں ہتھیاروں کے بجائے ٹیکنالوجی کا استعمال اہمیت اختیار کر گیا ہے۔شزا فاطمہ نے کہاآرٹیفیشل انٹیلی جنس آج سیکیورٹی، ڈیفنس، تعلیم، سیاحت، فنانس، اور تجارت سمیت ہر شعبے میں اپنی جڑیں مضبوط کر رہی ہے۔ دفاع اور سرویلینس کے شعبے میں اے آئی کا کردار نہایت اہم ہے۔