سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کا موثرجواب دینے میں ناکام رہی ، وجہ مستقل ارکان کا فیصلہ کن اقدام پر متفق نہ ہونا ہے
نئے مستقل ارکان کا اضافہ مسئلے کا حل نہیں مسئلے کا حصہ ،اقوام متحدہ اجلاس میں پاکستان کے مستقل مندوب کا اظہار خیال،نئی مستقل نشستوں کی مخالفت کر دی
نیویارک(آئی این پی)پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئی مستقل نشستوں کی مخالفت کرتے ہوئے سلامتی کونسل میں مساوی اور جوابدہ اصلاحات کا مطالبہ کیا ہے ۔ان خیالات کااظہاراقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اپنے خطاب میں کیا۔انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل بین الاقوامی امن و سلامتی کو درپیش خطرات کا موثرجواب دینے میں ناکام رہی ہے اس کی بڑی وجہ مستقل ارکان کا فیصلہ کن اقدام پر متفق نہ ہونا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ نئے مستقل ارکان کا اضافہ سلامتی کونسل میں مفلوج حالت کو مزید گہرا کرے گا۔منیر اکرم نے مزید کہا کہ نئے مستقل ارکان کا اضافہ مسئلے کا حل نہیں بل کہ مسئلے کا حصہ ہے، مستقل رکنیت اقوام متحدہ کے قیام سے ہی ایک متنازع مسئلہ رہا ہے۔