اسلام آباد(آن لائن)چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی رکنِ قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی کے نوجوان صاحبزادے کے انتقال پر اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی کے لیے پارلیمنٹ لاجز میں ان کی رہائش گاہ گئے۔چیئرمین سینیٹ نے مرحوم کے ایصالِ ثواب کے لیے فاتحہ خوانی کی اور سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اولاد کا غم ایک ناقابلِ تلافی صدمہ ہوتا ہے اور اس کربناک گھڑی میں وہ غمزدہ خاندان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔سید یوسف رضا گیلانی نے رکنِ قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی کے ساتھ کچھ وقت گزارا اور انہیں صبر و حوصلے کی تلقین کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو اپنے جوارِ رحمت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔اظہارِ تعزیت کے موقع پر رکنِ قومی اسمبلی سید عبدالقادر گیلانی، رکنِ قومی اسمبلی سید علی قاسم گیلانی اور رکنِ قومی اسمبلی علاؤ الدین جونیجو بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ موجود تھے۔