عارف والا کے نواحی گاؤں 2 ای بی میں گیس لیکج کے باعث آتشزدگی کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جس کے نتیجے میں ایک ہنستا بستا گھر اجڑ گیا۔
حادثے میں ماں اور اس کی دو کم سن بیٹیاں جھلس کر جاں بحق ہو گئیں جبکہ شوہر شدید زخمی ہو گیا۔اطلاعات کے مطابق کمرے میں گیس سلنڈر سے چولہا جلاتے ہوئے اچانک گیس لیکج کے باعث آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے کمرے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ جاں بحق ہونے والوں میں 26 سالہ صفیہ، ایک سالہ فضلیت اور 3 سالہ گلشن شامل ہیں۔
آتشزدگی کے نتیجے میں شوہر شدید جھلس گیا جسے ریسکیو اہلکاروں نے فوری طور پر ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال منتقل کر دیا، جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔واقعے کے بعد علاقے میں کہرام مچ گیا جبکہ اہلِ علاقہ نے حادثے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔