سہیل آفریدی کو پتہ تھا جناح باغ میں بڑی تعداد میں کارکن جمع نہیں ہوں گے، اس لئے سڑکوں پر خطاب کیا
آپ نے ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف تقاریر کیں، یہ پیپلز پارٹی کو بھی قابل قبول نہیں:سعدیہ جاوید
کراچی (آئی این پی )ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے کہا ہے کحیدرآباد سے واپسی پر سہیل آفریدی کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالی گئی، سپرہائی وے پر کام ہو رہا تھا، سندھ حکومت سیکورٹی نہ دیتی تو کیا سہیل آفریدی حیدرآباد جاسکتے تھے؟۔ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وزیراعلی خیبر پختونخوا کو سعید غنی نے خوش آمدید کہا، سندھ حکومت نے سہیل آفریدی کو تمام سہولتیں اور سیکیورٹی فراہم کی۔سعدیہ جاوید کا کہنا تھا کہ سیاسی دائرے میں رہتے ہوئے سیاسی سرگرمیوں پر ہمیں اعتراض نہیں تھا، قافلہ شارعِ فیصل پر پہنچا تو ریاست اور ریاستی اداروں کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ صدر زرداری کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کیے گئے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کو علم تھا کہ وہ جناح باغ میں بڑی تعداد جمع نہیں کرسکیں گے، سہیل آفریدی کو پتہ تھا کہ جناح باغ میں بڑی تعداد میں کارکن جمع نہیں ہوں گے، اس لیے سڑکوں پر خطاب کیا۔ترجمان سندھ حکومت نے کہا کہ نمائش چورنگی میں پی ٹی آئی کے کارکنوں نے پولیس پر پتھرا ئویا، میڈیا کی گاڑیوں پر حملہ کیا، ظاہری سی بات ہے پتھرا ئوپر لاانفورسمنٹ ادارے اور پولیس حرکت میں آئیں گے۔