بار الیکشن فائرنگ، متعددوکلا کی گرفتاری و رہائی

 مقدمہ ایس ایچ او مزنگ رائے آصف جبار کی مدعیت میں درج کیا 
ڈسٹرکٹ بار ز میں جشن کے دوران ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز وائرل 
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور بارایسوسی ایشن انتخابات کے دوران فائرنگ کرنے کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔پولیس نے 50سے زائد وکلاکوحراست میں لیا۔پولیس ذرائع کے مطابق زیرحراست متعددوکلا کو شورٹی بانڈز پر رہا کردیا گیا فائرنگ کا مقدمہ ایس ایچ او مزنگ رائے آصف جبار کی مدعیت میں درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق وکلا اور ان کے ساتھیوں نے جیت کی خوشی میں اندھا دھند فائرنگ کی،مقدمے میں سلیم،جنید،خضرحیات، شہریار، زاہدسمیت 8 ملزمان کو نامزد کیا گیا۔پولیس کے مطابق ملزمان سے پسٹل، ممنوعہ بور کلاشنکوف اور گولیاں برآمد ہوئیں،موبائل فوٹیجز کی مدد سیدیگر ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ ڈسٹرکٹ بار زکے الیکشن میں کامیاب امیدواروں کے حامیوں کی جانب سے جشن کے دوران ہوائی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں۔انتخابی نتائج کے بعد کامیاب ہونے والے امیدواروںکے حمایتیوں نے شدید فائرنگ کی فائرنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر منظر عام پر آگئی ہیں جس میں واضح طور پر وکلاء کو ہوائی فائرنگ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔منڈی بہائوالدین میں کامیاب امیدواروں کے حمایتیوں نے ہوائی فائرنگ کی جس کے باعث علاقے میں گولیوں کی تڑتڑاہٹ سنائی دینے لگی۔ اس دوران پولیس خاموش تماشائی بنی رہی۔اسی طرح فیصل آباد میں بھی ڈسٹرکٹ بار کا الیکشن جیتنے والے امیدواروں کے حامیوں نے ضلع کچہری میں ہوائی فائرنگ کی۔ پولیس کی جانب سے تاحال کسی بھی فائرنگ کرنے والے وکیل کے خلاف کارروائی نہیں کی گئی