مذاکرات سے مایوس نہیں( ن) لیگ کا کوئی مینڈیٹ نہیں ان کی صرف 17نشستیں ہیں،پی ٹی آئی رہنما کا انٹرویو
اسلام آباد (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہاہے کہ اگر ان کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوئی تو وہ انہیں ایک اور مشورہ بھی دیں گے۔ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی محمد خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا کوئی مینڈیٹ نہیں ان کی صرف 17نشستیں ہیں۔ مذاکرات میں مینڈیٹ کے معاملے پر بھی بحث ہو گی۔ میری اگر بانی سے ملاقات ہوئی تو میں انہیں 8 فروری کے الیکشن کے آڈٹ کا بھی کہوں گا اور مشورہ دوں گا کہ اس مطالبے سے پیچھے نہ ہٹا جائے۔علی محمد خان نے کہا کہ ہم پر ہمیشہ الزام لگتا تھا کہ مخالفین سے بات نہیں کرتی، لیکن ہم بات کر رہے ہیں تو حکومت پی ٹی آئی ارکان کو عمران خان سے ملاقات میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ مذاکرات کی ضرورت صرف پی ٹی آئی کو نہیں سب کو ہے۔ یہ بات چیت اگر کامیاب ہوئی تو عوام سمیت سب کا فائدہ ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ میں ابھی بھی مذاکرات سے مایوس نہیں ہوں مگر 9 دن کا وقفہ سنجیدہ مذاکرات میں نہیں ہوتا، اتنے طویل تعطل سے معاملات ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں۔