پی ٹی آئی کے ورکرز جلد یوم نجات منائیں گے، جسے خود اے بی سی یاد نہیں اسے تعلیم کا وزیر بنایا جائے تو یہی حال ہوگا،فیصل کریم کنڈی
پشاور(خصوصی رپورٹ)گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کو مال غنیمت دیا گیا۔پشاورمیں ایجوکیشنل کانفرنس بیسٹ ٹیچراوراسٹوڈنٹ ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن چن چن کر بدلے لے رہے ہیں، مولانا فضل الرحمان کو مال غنیمت دیا گیا، پی ٹی آئی کے ورکر جلد یوم نجات منائیں گے۔گورنر کے پی نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کا باعث ہے، ہمارے صوبے میں آج بھی تعلیم کمزور ہے، سرکاری سکولوں کی حالت ابتر ہے، سلیبس میں کوئی خاص تبدیلی نہیں کی گئی ہے،لاکھوں تعداد میں بچے سکولوں سے باہرہیں، تعلیم پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ تعلیم کو بھی سیاست کی بھینٹ چڑھایا گیا، جسے خود اے بی سی یاد نہیں اسے تعلیم کا وزیر بنایا جائے تو یہی حال ہوگا، تعلیم کو سیاست سے پاک کیا جائے،سکولوں میں اساتذہ سیاست کررہے ہیں اگر لوگوں کو غلط اپوئنٹ کیا گیا ہے تو ان کو نکالیں گے۔