سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں کی ملاقات، ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ، کمیٹی تشکیل
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب حکومت سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد ٹرانسپورٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کردیا۔ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ٹرانسپورٹرز کے نمائندوں نے ملاقات کی جس میں مذاکرات اور ہڑتال ختم کرنے پر اتفاق ہوا۔وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز نے ٹرانسپورٹرز کے مسائل کے حل کیلئے مریم اورنگزیب کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی ،کمیٹی میں ٹرانسپورٹرز کے نمائندے بھی شامل ہوں گے اورآج ہفتہ کو کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا۔گزشتہ روز مذاکرات کے بعد ٹرانسپورٹرز نے فوری طور پر ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا جبکہ پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ الائنس کے مرکزی صدر حاجی شیر علی اور دیگر عہدیداروں نے مصالحتی قرارداد پر دستخط بھی کر دئیے۔سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے ٹرانسپورٹرز کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو افہام و تفہیم سے حل کریں گے، حکومت کا مقصد انسانی زندگی کا تحفظ اور تمام شہریوں کیلئے حالات بہتر بنانا ہے۔