کراچی (آن لائن)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے تین سال سے زائد عرصہ سے فیصلے کے منتظر افراد کے مقدمات کو تیزی سے نمٹانے کیلئے میکنزم بنانے اوردرخواست گزاروں کو بہترین خدمت فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے ہدایت دی ہے کہ درخواست گزاروں کے تمام مسائل کو ادب اور مؤثر طریقے سے قانون کے مطابق حل کیا جائے اورکہاہے کہ کسی بھی بدتمیزی کی شکایت پر خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔جیل اصلاحات کے سلسلے میں جاری اقدامات کے تحت چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے 12 دسمبر 2024 کو سپریم کورٹ برانچ رجسٹری کراچی، سندھ میں ایک اجلاس کی صدارت کی جس کا مقصد اصلاحاتی نظام میں موجود اہم چیلنجز کا جائزہ لینا تھا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اس اجلاس کا مقصد مشترکہ طور پر مسائل کی نشاندہی اور حل پر غور ہے۔