ہانیہ عامر سٹار‘ زیادہ معاوضہ لینے میں برائی نہیں: معروف اداکار فیصل قریشی

 جب کسی فنکار کی مانگ بڑھتی ہے تو اس کی تجارتی قدر میں بھی قدرتی طور پر اضافہ ہوتا ہے، زیادہ معاوضہ طلب کرنا اسی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کا حصہ ہے
کراچی (شوبز ڈیسک) معروف اداکار فیصل قریشی نے اداکارہ ہانیہ عامر کی مقبولیت اور اسٹار پاور کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جانب سے اپنے کام کا زیادہ معاوضہ لینے میں کوئی برائی نہیں ہے۔ایک پوڈکاسٹ میں گفتگو کے دوران فیصل قریشی نے ہانیہ عامر کی مقبولیت پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت ان کا چہرہ ملک بھر کے بل بورڈز اور سائن بورڈز پر نمایاں نظر آتا ہے، جبکہ بڑے برانڈز بھی اپنی مصنوعات کی تشہیر کے لیے انہیں ترجیح دے رہے ہیں۔فیصل قریشی نے مزید کہا کہ بھائی، وہ اس وقت اسٹار ہے، ہانیہ کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ بڑی بڑی کمپنیاں اپنی مصنوعات کے ساتھ ان کا نام اور چہرہ جوڑنے میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ان کے مطابق ہانیہ جانتی ہیں کہ اس وقت ان کا بہترین دور چل رہا ہے اور برانڈز بھی ان کی موجودہ مارکیٹ ویلیو سے بخوبی واقف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب کسی فنکار کی مانگ بڑھتی ہے تو اس کی تجارتی قدر میں بھی قدرتی طور پر اضافہ ہوتا ہے، لہذا زیادہ معاوضہ طلب کرنا اسی بڑھتی ہوئی ڈیمانڈ کا حصہ ہے۔