اسرائیل کا غزہ پر قبضے کا منصو یہ سلامتی کیلئے خطرہ :عرب لیگ کونسل

قاہرہ(آئی این پی )عرب لیگ کی کونسل نے بھی  غزہ پر قبضہ کرنے اور وہاں کی آبادی کو جبرا بے دخل کرنے کے اسرائیلی حکومت کے فیصلوں اور منصوبوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پر قبضہ کرنے کا اسرائیلی منصوبہ بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی اور عرب و علاقائی سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔عالمی میڈیا  رپورٹ کے مطابق عرب لیگ کی کونسل نے مستقل مندوبین کے اجلاس کے بعد جاری ہونے والے اعلامیے میں اپنے مطالبے کی تجدید کی کہ فلسطینی عوام کے تحفظ کو یقینی بنانا، ان کے مقصد کو ختم ہونے سے بچانا اور عرب سربراہی کانفرنسز کی قراردادوں پر عمل درآمد کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اعلامیہ میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ غزہ کا محاصرہ فوری طور پر ختم کیاجائے اور اقوامِ متحدہ کے تعاون سے زمینی، فضائی اور سمندری راستوں کے ذریعے امداد کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے۔